اسلام آباد،11 جولائی (اے پی پی ):گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ غیر سرکاری تنظیموں کی جانب سے صوبہ میں فنی تعلیم کے زریعے بےروزگاری کے خاتمہ میں ہرممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جرمن ادارہ جی آئی زیڈ ( GIZ ) ہیڈکوارٹر کے دورہ کے موقع پر کیا ، رکن صوبائی اسمبلی احمد کریم کنڈی بھی انکے ہمراہ تھے۔ ادارہ کی کمشن منیجر رومینا کوچیئس ، ہیڈ آف پروگرام منصور ذیب خان نے انہیں خوش آمدید کہا اور ادارہ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ چھبیس سال میں فیصل کریم کنڈی پہلے گورنر ہیں جنہوں نے اس ادارہ کا دورہ کیا جو انکی صوبہ وعوام دوستی کا ثبوت ہے ۔
اس موقع پر گورنر خیبرپختونخوا کو جی آئی زیڈ ( GIZ ) کے زیر اہتمام جاری منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ عالمی تقاضوں اور مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق نئی نسل کو تربیت فراہم کی جائے اور انڈسٹری اور بیرون ممالک کی ضروریات کے مطابق تربیتی پروگرام تشکیل دئیے جائیں، وفاقی وزارت اوورسیز کو بھی اس حوالہ سے منصوبہ میں شامل کیا جائے، وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانی سالک حسین متحرک اور مثبت سوچ کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جرمنی میں افرادی قوت کی ضرورت ہے ہمیں اس حوالہ سے اپنی نئی نسل کو تیار کرنا ہوگا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے متعدد اضلاع میں ٹارگٹڈ ٹریننگ پروگرام شروع کرنے ، خواتین کے لیئے روایتی ٹیلرنگ سے ہٹ کر کمرشل ڈیمانڈ کے مطابق تربیت کی تجاویز خوش آئند ہیں جسکے مثبت اور دور رس اثرات مرتب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ جدید سہولیات سے آراستہ انسٹی ٹیوٹ اور سنٹر آف ایکسیلینس صوبہ کے پسماندہ اور زیادہ مستحق و بہتر افرادی قوت و نتائج دینے والے اداروں میں بنائے جائیں ۔
اس موقع پر جرمنی میں پاکستان سے افرادی قوت کی محفوظ، آسان اور قانونی منتقلی کے امور پر بھی گفتگو کی گئی اور خیبرپختونخوا میں اس حوالہ سے گورنر ہاؤس کی سرپرستی میں بھرپور آگہی مہم چلانے کا فیصلہ کیا گیا۔گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو بتایا گیا کہ تکنیکی طور پر نئی نسل کو مضبوط بنانے کے حوالہ سے ادارہ گزشتہ کئی سالوں سے سرگرم ہے ،ادارہ کے 2023 تا 2028 پروگرام میں زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی کا حدف مقرر کیا گیا ہے، صرف افرادی قوت ہی نہیں بلکہ ملک بھر سے فنی تعلیم کے سرکاری اداروں کی صلاحیت کو پروان چڑھانا اور وہاں تربیت یافتہ ٹرینرز کی موجودگی یقینی بنانا بھی پروگرام کی ترجیحات میں شامل ہے۔
اس موقع پرخیبرپختونخوا میں فنی تعلیم کے فروغ کے حوالہ سے متعدد تجاویز اور منصوبوں پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا اور مستقبل میں فروغ تعلیم کے حوالہ سے اہم اقدامات اٹھانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔
ادارہ کے پروگرام کمیونیکیشن منیجر طاہر خان ، ٹیکنیکل انچارج عاطف محمود پیپلز پارٹی کے ضلعی صدر ملک فرحان افضل دھپ ، سابق ضلع ناظم سابق امیدوار صوبائی اسمبلی نوابزادہ عزیز اللہ علی زئی بھی اس موقع پر موجود تھے ۔