ملتان، 11 جولائی(اے پی پی ): ملتان میں آبادی کے عالمی دن کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے آگاہی واک کا اہتمام کیا گیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیضان احمد ریاض نے آگاہی واک کی قیادت کی۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے کہاکہ آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، اپنی چادر دیکھ کر پاؤں پھیلائیں۔انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک میں 60 سال کے عمر رسیدہ جوگنگ کر رہے ہوتے ہیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فیضان احمد نے کہا کہ آبادی کنٹرول کرکے ہی وسائل کی موثر انداز میں تقسیم ممکن ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنی سوچ بدلیے ، جو نسل تیار کریں وہ دنیا کے ساتھ چل سکتی ہو اور جو نسل پروان چڑھائیں اسے مقابلے کی فضا کے لئے مکمل تیار کریں ۔
ڈسٹرکٹ پاپولیشن آفیسر مہر خضر حیات نے کہا کہ دنیا میں 40 سال میں 4 ارب آبادی کا اضافہ ہوا ہے اور دنیا کے پہلے 20 ممالک میں زیادہ آبادی بڑھنے کی شرح میں پاکستان کا پہلا نمبر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 40 فیصد عوام غربت کی لائن سے نیچے گزر بسر کر رہی ہے۔
آگاہی واک میں تحصیل پاپولیشن آفیسر حماد دلاور ، محکمہ اوقاف کے مفتی عبداللہ سمیت دیگر افراد نے شرکت کی ۔