سردگوھا؛آبادی کو کنٹرول کرنے کے لئے منظم آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے،ڈپٹی کمشنرکیپٹن( ر) اورنگزیب حیدر خان

7

سرگودھا،11جولائی(اے پی پی):ڈپٹی کمشنر سردگوھا  کیپٹن ریٹائرڈ اورنگزیب حیدر خان نے کہا ہے کہ آبادی  میں اضافے کے باعث ہمارے لیے بڑے چیلنجز پیدا  ہو گئے ہیں اس لئے ہمیں  آبادی کو کنٹرول کرنے کے لئے منظم آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں  نے آبادی کے عالمی دن  پر ضلعی دفتر  بہبود آبادی کے زیر اہتمام آرٹس کونسل کمپلیکس میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے  کہا کہ ہمیں وسائل کی کمی کے ساتھ ماحولیاتی آلودگی کا بھی سامنا ہے، اگر اب بھی کچھ نہ کیا تو وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔

 انہوں نے کہا کہ بڑھتی آبادی کے سنگین چیلنج  کو سمجھتے ہوتے ہوئے منظم آگاہی مہم چلانے کی ضرورت ہے، آبادی کا انتظام صرف حکومت ہی کی نہیں بلکہ معاشرتی ذمہ داری بھی  ہے، پائیدار ترقی کی شرح موثر آبادی کنٹرول سے منسلک ہے۔ اس موقع پر ضلعی آفیسر بہبود آبادی ملک آفتاب اعوان نے کہا کہ پاپولیشن کنٹرول میں جدت لائی جا رہی ہے اور اس سلسلے میں صحت کی تمام سہولیات بالکل مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ علما  ءکرام کے ذریعے معاشرے میں آگاہی فراہم کی جارہی ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے محکمہ بہبود آبادی کے فیلڈ سٹاف، این جی اوز نمائندگان اور دیگر میں انعامات بھی  تقسیم کئے۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر  کی قیادت میں آرٹس کونسل کمپلیکس سے آبادی کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی ریلی بھی نکالی گئی۔

سیمینار میں ضلعی آفیسر ملک آفتاب اعوان کے علاوہ دیگر افسران، فیلڈ سٹاف، این جی اوز نمائندگان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔