یوم شہدا کشمیر13 جولائی کو منایا جائے گا ، پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا؛ ترجمان دفتر خارجہ

16

اسلام آباد ،11 جولائی ( اے پی پی ): ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا ہے کہ  رواں ہفتے 13 جولائی کو  93واں یوم شہدا کشمیر منایا جارہا ہے، اس روز 22 کشمیریوں کو ڈوگرا افواج نے شہید کیا تھا،پاکستان اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق  کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے جمعرات یہاں پریس بریفنگ میں کہا کہ  ڈوگرا افواج کی طرز پر بھارتی قابض افواج نے ہزاروں کشمیریوں کو گذشتہ دہائیوں میں شہید کیا ہے، پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کی ہرممکن اخلاقی امداد جاری رکھے گا۔انہوں نے کہا کہ معروف کشمیری نوجوان رہنما برہان مظفر وانی ان سینکڑوں کشمیری نوجوانوں میں سے ایک تھے جو بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کا شکار ہوچکے ہیں، ان کی آٹھویں برسی 8 جولائی کو منائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ “یوم شہدائے کشمیر”کے اس ہفتے میں ہم ایک بار پھر بھارتی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ کشمیری عوام کے خلاف ماورائے عدالت قتل اور مہلک طاقت کے اندھا دھند استعمال کی مہم کو بند کرے۔

ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ  افغان مہاجرین کے لیے پی او آر میں ایک برس کی توسیع دی گئی  ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افغان مہاجرین کی مختلف کیٹیگریز موجود ہیں، کابینہ نے افغان مہاجرین کے لیے پی او آر میں ایک برس کی توسیع کردی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہاکہ پاکستان   غزہ کے 4 اسکولوں پر اسرائیلی فوج کے حملوں کی مزمت کرتا  ہے  ، اسرائیلی قابض افواج نے اپنے عمل سے عالمی قوانین کی توہین اور غیرسنجیدگی کا مظاہرہ کیا ہے۔