کراچی،11جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سی ٹی ڈی کے شہید ڈی ایس پی علی رضا کو خراج عقیدت پیش کرنے کریم آباد پہنچ گئے۔وزیرداخلہ محسن نقوی نے سی ٹی ڈی کے شہید ڈی ایس پی علی رضا کی رہائش گاہ پر سوگوار خاندان سے ملاقات کی ۔ اہل خانہ کو دلاسہ دیا اور تعزیت کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید ڈی ایس پی علی رضا کے لیے ہلال شجاعت اور قائد اعظم پولیس میڈل کا اعلان کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈی ایس پی علی رضا انتہائی بہادر پولیس افسر تھے۔قوم کو ایسے جرات مند پولیس افسران پر ناز ہے۔ شہید ایس ایس پی چودھری اسلم کے بعد شہید ڈی ایس پی علی رضا نے کراچی میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا ایمان ہے کہ شہید زندہ ہوتے ہیں اور شہید ڈی ایس پی علی رضا ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہیں گے۔
ایڈیشنل آئی جی پولیس یعقوب ناصر ، ڈی آئی جی سی ٹی ڈی آصف اعجاز شیخ ، ایس ایس پی سنٹرل اور سی ٹی ڈی کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔