اسلام آباد،11جولائی (اے پی پی):وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے داودی بوہرہ برادری کے سربراہ سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات کی اور ان کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا ۔
جمعرات کو برہانی محل میں وزیر داخلہ نے سیدنا مفضل سیف الدین سے ملاقات کی اس موقع پر ان کے صاحبزادے شاہ زادہ حسین برہان الدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان آمد پر ان کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی آمد ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔ آپ سے عقیدت و احترام کا رشتہ ہے جو ہمیشہ قائم و دائم رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ داودی بوہرہ برادری امن پسند اور محبت کرنے والی کمیونٹی ہے۔
سیدنا مفضل سیف الدین نے داودی بوہرہ کمیونٹی سے متعلق امور کے فوری حل پر وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا اور خوبصورت چادر اور تبرکات کا تحفہ دیا۔