گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے وفد کی ملاقات، نوجوانوں سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال

14

لاہور،11جولائی (اے پی پی):گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے 20 رکنی وفد نے صدر محمد ابوبکر کی سربراہی میں گورنر ہائوس لاہور میں ملاقات کی۔ملاقات میں نوجوانوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے رجحان کے تدارک کے لیے آگاہی مہم چلانے اور نوجوانوں سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے کہا کہ ملک کا روشن مستقبل نوجوانوں کی اچھی تعلیم و تربیت سے وابستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے ساتھ تربیت سوچ کے صحیح زاویے بناتی ہے۔ گورنر پنجاب نے یوتھ پارلیمنٹ کی نوجوانوں کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اچھے کاموں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہئے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ طلبہ ملک کی تعمیر و ترقی میں مثبت کردار ادا کریں۔

وفد نے پنجاب کی جامعات میں کمیونٹی سروس کے لیے کریڈٹ آورز (Credit Hours) مختص کرنے کی تجویز دی۔ وفد کی جانب سے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان کو اعزازی سووینئر پیش کیا گیا۔ وفد نے گورنر ہائوس کا دورہ بھی کیا اور تاریخی معلومات حاصل کیں۔