لاہور،11جولائی(اے پی پی):پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب سے ورلڈ بینک کے وفد نے جمعرات کو یہاں ملاقات کی ۔ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسائن کی قیادت میں صوبائی وزیر سے ملاقات کرنے والے وفد میں آپریشن آفیسر ثمن عامر اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ سپیشلسٹ احسن تحسین شامل تھے۔اس موقع پرماحولیاتی موزونیت ، ہوا کے معیار میں بہتری،متبادل توانائی ، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ، کاربن فنانسنگ اور کلائمیٹ ریزیلینٹ پنجاب کے حوالے سے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
سینئر صوبائی وزیرمریم اورنگزیب نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف گورننس کے پورے نظام میں تبدیلی لانے کی جامع حکمت عملی پر عمل پیرا ہیں۔انہوں نے مختصر ترین مدت میں ریکارڈ ترقیاتی اور سماجی بہبود کے کام کئے ہیں،وزیراعلی مریم نوازپنجاب میں اصلاحات کیلئے عالمی ماہرین اور اداروں کی خدمات حاصل کررہی ہیں۔ڈیجیٹل پنجاب کے تحت سرکاری شعبے کی خدمات کو عوام کے گھر کی دہلیز پر پہنچانے کے نظام نے کام شروع کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب نے ٹیکس فری اور اپنے وسائل سے بجٹ دے کر ایک نئی مثال قائم کی ہے جبکہ مالیاتی نظم و ضبط، زراعت، صنعت اور تجارت کے لیے سہولیات سے ترقی کی شرح میں اضافہ ہوگا۔جدید فارمنگ، کسان کارڈ، لائیو سٹاک کارڈ، زراعت میں جدید مشینری کے استعمال اور ایک چھت تلے تمام زرعی سامان کی فراہمی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ 500 یونٹ بجلی استعمال کرنے والے عوام کو سولر پینل فراہم کریں گے ،ذمہ دارانہ معاشی پالیسی پرعمل درآمد اور عوام کو ریلیف دیتے ہوئے آگے بڑھ رہے ہیں،مریم اورنگزیب نے ماحولیاتی تبدیلیوں کے چیلنج، زہریلے دھوئیں کے تدارک اور سموگ کے خاتمے کے لئے وزیراعلی پنجاب کے وژن اور اب تک کے اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کا جامع نظام لارہے ہیں،ماحولیاتی تبدیلیوں اور ایئر کوالٹی انڈیکس کو بہتر بنانے کیلئے پہلی بار مختلف شعبوں کیلئے پلان بنایا گیا ہے،پہلی بار ہنگامی، درمیانی اور طویل مدتی اہداف طے کئے گئے ہیں۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ صوبے میں ماحولیاتی تحفظ، سموگ، زہریلے دھوئیں کے اخراج پر کنڑول اور ایئرکوالٹی کی بہتری کے لئے پیشگی حفاظتی اقدامات کئے گئے ہیں۔