سیالکوٹ،11جولائی (اے پی پی):وویمن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سیالکوٹ کے زیر اہتمام “نو ٹو پلاسٹک “کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا ۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر ماحول کو ل پلاسٹک اور پولیتھین بیگز ختم کرنے کیلئے سول سوسائٹیز بالخصوص خواتین کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، گراسری کیلئے کپڑے ، پیپر اور رافیہ بیگز سمیت متبادل تھیلوں کا استعمال کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پلاسٹک کا بڑھتا ہوا استعمال ماحول کیلئے ایک خطرہ بن چکا ہے اور سالانہ 4.81 ملین ٹن پلاسٹک جنریٹ ہو رہا ہے جو انتہائی تشویشناک ہے جہاں پلاسٹک انسانی، جنگلی اور آبی حیات کو شدید متاثر کر رہا ہے وہی پر سیوریج کے نظام کو چوک کرکے اربن فلڈنگ کا باعث بنتا ہے۔
سیمینار میں اسسٹنٹ کمشنر سیالکوٹ انعم بابر، صدر وویمن چمبر آف کامرس مریم نعمان بٹ، ایس وی پی گلزیب وقاص اعوان ، وہاب جہانگیر ایس وی پی، عامر مجید کپور وی پی، چیئرمین ماحولیاتی کمیٹی چیمبر آف کامرس جہانگیر چودھری کے علاوہ ممبران وویمن آف چیمبر اور مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔