قصور،12 جولائی (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر محمد ارشد بھٹی، ڈی پی او محمد عیسیٰ خاں اور کرنل محمد فرحان کے زیر صدارت پری فلڈ انتظامات کے حوالے سے اہم اجلاس ڈی سی کمیٹی روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ممکنہ سیلابی صورتحال سے بچاؤ کیلئے کئے گئے پیشگی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اسسٹنٹ کمشنر قصور اور چونیاں کو ہدایت کی کہ ریسکیو1122 کیساتھ ملکر دریائے ستلج کے تمام حفاظتی بندوں اور وہاں پر موجود بیڑوں کی انسپکشن کریں تا کہ جہاں کہیں بھی کوئی کمی کوتاہی ہو اس کو قبل از وقت مکمل کیا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ریسکیو 1122کے ساتھ ملکر پولیس اور ریونیو فیلڈ سٹاف کی مشترکہ طور پر ٹریننگ کروائی جائیگی تا کہ لوگوں کی جان و مال کی حفاظت کیساتھ ساتھ یہ اپنی حفاظت کو بھی یقینی بنا سکیں۔
ڈپٹی کمشنر نے تمام متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر میں کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام ادارے باہمی رابطہ استوار رکھتے ہوئے لوگوں کو فوری مدد پہنچانے کیلئے ہائی الرٹ رہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محمد جعفر چوہدری، اسسٹنٹ کمشنر عطیہ عنایت مدنی،ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122، ایکسئین ایری گیشن، رینجرز، سول ڈیفنس، سوشل ویلفیئر، ریونیو، واپڈا، لوکل گورنمنٹ، چیف آفیسر ضلع کونسل سمیت دیگر تمام متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔