پنجاب کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا گوجرانولہ کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ، انتظامات کا جائزہ لیا

9

لاہور، 12 جولائی (اے پی پی): محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کے مشن کے تحت پنجاب کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے رات گئے گوجرانولہ کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور مرکزی امام بارگاہ گلستان معرفت میں کنٹرول روم اور روٹ پر انتظامات کا جائزہ لیا۔ کابینہ کمیٹی نے امن کمیٹی اور منتظمین سے ملاقات کی اور مسائل بارے دریافت کیا۔

 صوبائی وزیر صحت و چیئرمین کابینہ کمیٹی خواجہ سلمان رفیق کی قیادت میں صوبائی وزراء مجتبٰی شجاع الرحمن، عاشق حسین کرمانی، بلال اکبر خان اس دورہ میں شریک ہوئے۔ سیکرٹری داخلہ نور الامین مینگل، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور بھی ہمراہ تھے ۔

 خواجہ سلمان رفیق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں محرم الحرام سکیورٹی کے حوالے سے بہترین انتظامات دیکھ رہے ہیں،  ضلعی انتظامیہ، پولیس اور جلوس و مجالس کے منتظمین آپس میں باہمی اتفاق سے معاملات دیکھ رہے ہیں۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ ہر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں متعلقہ وزراء کو بھی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

  کابینہ کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ پنجاب کے 5 ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں خود جا کر انتظامات کا جائزہ لیا جن سے مطمئن ہیں۔ کابینہ کمیٹی آج فیصل آباد اور سرگودھا میں بھی انتظامات کا جائزہ لے گی۔