اسلام آباد،12جولائی(اے پی پی): آذربائیجان کے اعلیٰ سطحی سرکاری وفد نے وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر مصدق ملک کی زیر قیادت پاکستانی وفد سے ملاقات کی جس میں پاکستان اور آذربائیجان نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات بڑھانے پر اتفاق کیا ہے۔آذربائیجا ن کے وزیر توانائی پرویز شہبازوف نے وفد کی قیادت کی۔
ملاقات کے دوران ڈاکٹر مصدق ملک نے دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ مذہب، اور ثقافتی روابط کی بنیاد پر دونوں ممالک کے تاریخی تعلقات کا ذکر کیا اور کہا کہ ملتان کاروان سرائے، صدیوں پرانے رشتے کا ثبوت ہے۔ پاکستانی وفد نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے مواقع کے بارے میں آگاہ کیا۔
ڈاکٹر مصدق ملک نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تعلقات کو وسعت دینے کے لئے اقتصادی روابط کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، پاکستان خطے میں تجارتی منڈیوں کے فروغ اور وسطی ایشیا سے یورپ تک پھیلی ہوئی اقتصادی راہداریوں میں شراکت دار بننے کا خواہاں ہے۔