خواتین پر تشدد کس صورت برداشت نہیں کیا جائے گا؛صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر حنا پرویز بٹ

21

ملتان ، 12 جولائی (اے پی پی):وزیر اعلیٰ  پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے چیئرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی ایم پی اے حنا پرویز بٹ ہمراہ چند روز قبل مبینہ طور پر خودکشی سے جاں بحق ہونے والی خاتون کے والدین کے گھر پہنچ کر لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مرحومہ کے لیے دعائے مغفرت کی اور لواحقین کو حوصلہ دیا ۔

حنا پرویز بٹ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے از خود اس واقعے کا نوٹس لیا ہے اس کیس کی تحقیقات کیلئے جوائنٹ انویسٹیگیسن ٹیم بنائی جائے گی کیس کی میرٹ پر تحقیقات اور انصاف کے تمام تقاضے پورے کئے جائیں گے ۔انہوں نے کہا کہ کل قبر کشائی کر کے تمام شہادتیں اکھٹی کر کے فرانزک بھیجی جائیں گی مزید حقائق سامنے آنے پر پوری دیانتداری کے ساتھ قانونی کارروائی کر کے مجرم کو کیفرکردار تک پہنچائیں گے۔

چیئرپرسن وومن پروٹیکشن اتھارٹی و ایم پی اے حنا پرویز بٹ نے کہا کہ ہم لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں کسی کو بھی خواتین پر تشدد کی اجازت نہیں ہے۔اسلام واحد مذہب ہے جو خواتین کی عزت و تکریم کا درس دیتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب لواحقین کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

اس موقع پر مرحومہ ثانیہ زہرہ کے والد سید اسد عباس شاہ نے کہا کہ ہم وزیر اعلٰی پنجاب مریم نواز کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمارے ساتھ ہونے ظلم کا نوٹس لیا اور صوبائی وزیر سوشل ویلفیئر اور وومن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن کو خاص طور پر ہمیں حوصلہ دینے کے لیے بھیجا،ہمیں پولیس کی تحقیقات پر مکمل اعتماد ہے۔

اس موقع پر سی پی او ملتان نے کیس بارے بریفنگ دی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو بھی موجود تھے۔