پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندہ وفد کا ڈیرہ اسماعیل خان کے تھلہ جات ، امام بارگاہوں کا دورہ

19

ڈیرہ اسماعیل خان،14 جولائی (اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی ہدایات پر پاکستان پیپلز پارٹی کے نمائندہ وفد نے ڈیرہ اسماعیل خان کے تھلہ جات ، امام بارگاہوں کا دورہ کیا۔قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے دفاع کے چیئرمین فتح اللہ خان میاں خیل ، خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی پی پی کے پارلیمانی لیڈر احمد کریم کنڈی ، پاکستان پیپلز پارٹی کے ڈویژنل صدر قیضار خان میاں خیل ، سابق امیدوار صوبائی اسمبلی نوابزادہ عزیز اللہ خان علی زئی نے دیگر عہدیداروں اور کارکنوں کے ہمراہ محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا۔

وفد نے   امام بارگاہوں تھلہ کے منتظمین اور دیگر اکابرین کے علاؤہ عزاداروں سے ملاقاتیں کی اور انکے مسائل معلوم کیئے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایام ایثار قربانی برداشت یگانگت کا درس دیتے ہیں ،خانوادہ رسول نے اپنے دین اور شریعت کی بقاء کی خاطر اپنے خاندان کی قربانی دی اور ہم تک دین پہنچایا، واقعہ کربلا مسلمانوں کو برداشت اور ایک دوسرے کی خاطر کچھ کرنے کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں تفرقہ بازوں پر نظر رکھنی ہوگی، شرپسندوں ملک و دین دشمنوں نے عزائم کو خاک میں ملانا ہوگا ۔

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے تھلہ شاہین شاہ، تھلہ سمندری اور دیگر تھلہ جات کے علاوہ زین شاہ عرف بلو شاہ کی رہائش گاہ کا بھی دورہ کیا۔اس موقع پر پی پی پی کے ایم این اے فتح اللہ خان میاں خیل اور ایم پی اے احمد کریم کنڈی نے کہا کہ محرم کا مہینہ ہمیں حضرت امام حسین رضی اللہ عنہ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔انہوں نے محرم الحرام کے پرامن انعقاد اور ملک کی خوشحالی کے لیے دعا بھی کی۔

قبل ازیں وفد  کا استقبال تھلہ یلہ شاہ پر متولی علی رضا، تھلہ فضل عباس پر ثقلین شاہ، تھلہ بامو شاہ میں فرحت عباس شاہ، تھلہ بورا شاہ پر سید اعجاز شاہ، تھلہ حضرت عباس پر مشرو شاہ، گھائیاں والا تھلہ پر علمدار حسین اور تھلہ شیرازی پر سید سجاد شیرازی نے کیا۔