میرپورخاص؛ افراد باہم معذورین کی فلاح و بہبود کے لئے انڈی پینڈینٹ لیونگ سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے، آفاق احمد خان

19

میرپورخاص،14جولائی (اے پی پی):افراد باہم معذورین کی فلاح و بہبود کے لئے انڈی پینڈینٹ لیونگ سینٹر کا قیام عمل میں لایا جائے،گورنر سندھ اور وزیر اعلیٰ ادارہ گلستان معذورین کے لئے رفاعی پلاٹ کا اعلان کریں۔

ان خیالات کا اظہار ادارہ گلستان معذورین کے سرپرست اعلیٰ آفاق احمد خان اور بانی رکن لعل محمد بلوچ نے ادارے کے نو منتخب عہدیداروں کے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرپورخاص میں آئی ایل سی کے قیام سے افراد باہم معذورین جدید علوم، کمپیوٹر ٹیکنالوجی اور لینگویج سینٹر کی مدد سے معاشرے کا کارآمد فرد بن کر خود روزگاری کی جانب گامزن ہوجائیں گے اور صوبے و ملک کی ترقی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گلستان معذورین کے نوجوانوں نے وہیل چیئر کرکٹ، باسکٹ بال، ایتھیلیٹکس کے مقابلوں میں ملکی و غیر ملکی سطح پر میرپورخاص کا نام روشن کیا ہے۔

تقریب سے سندھ اولمپکس میرپورخاص ڈویژن کے سیکریٹری عبدالسلیم خان، یوتھ اسپورٹس کمیٹی کے امام بلوچ، محمد اقبال اور رضی انصار خان نے افراد باہم معذورین کی فلاح و بہبود کے لئے ادارہ گلستان معذورین کی جدوجہد کو خراج تحسین پیش کیا اور نومنتخب عہدیداروں کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

استقبالیہ تقریب میں نومنتخب صدر عبدالحفیظ سرہیو، جنرل سیکریٹری علی نواز، نائب صدر فیصل، جوائنٹ سیکریٹری قمرالدین اور خازن صلاح الدین کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔