صوبہ پنجاب میں اقلیتی عبادت گاہوں کی زمینوں کو ناجائز قابضین سے واگزار کروایا جارہا ہے؛صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ

13

سیالکوٹ،14جولائی(اے پی پی):صوبائی وزیر اقلیتی امور / پردھان پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق صوبہ پنجاب  میں اقلیتی عبادت گاہوں کی  زمینوں کو ناجائز قابضین سے واگزار کروایا جارہا ہے، آئین پاکستان وطن عزیز میں بسنے والی اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی  دیتا ہے اور  ان کے حقوق کا ضامن ہے، گردوارہ بابے دے بیری کے تالاب پر 77 سال سے قبضہ مافیا نے قبضہ کر رکھا تھا، 1947 سے قبل سکھ یاتری گردوارہ بابے دے بیری حاضری سے قبل اس تالاب میں غسل کرتے تھے،تالاب قبضہ مافیا سے واگزار کروانے پر یہاں کی سیاسی لیڈر شپ، ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن اور پولیس  سمیت سول سوسائٹیز کے شکر گزار ہیں۔

 یہ بات انہوں نے تالاب بابے دے بیری اورگردوارہ بابے دے بیری کے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ محکمہ اوقاف  کی جانب سے مذہبی عبادت گاہوں کو لیز کرنے کی تحقیقات کی جانی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ صوبہ پنجاب میں اقلیتی عبادت گاہوں کو قابضین سےوا گزار کروایا جائے گا۔

سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا کہ قبضہ مافیا کے خلاف حالیہ کارروائی کی  دنیا بھر کی  سکھ کمیونٹی نے خیر مقدم کیا ہے اور پاکستان کے حوالے سے منفی پروپیگنڈا کی نفی ہوئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تالاب کو اس کی  اصل حالت میں بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا۔

یاد رہے  کہ  ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن نے چند روز قبل تالاب بابے دی بیری کی  8 کنال 18 مرے اراضی کو واگزار کروایا تھا۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ محمد ذوالقرنین اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ حسن اقبال، اسسٹنٹ کمشنر انعم بابر، سیوا دار جسکرن سنگھ اور کوآرڈینیٹر ضلعی امن کمیٹی حافظ اصغر علی چیمہ بھی موجود تھے۔