اسلام آباد، 14 جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مخصوص نشستوں سے متعلق کیس میں ایک جماعت کو بن مانگے ریلیف دے دیا گیا ہے لہذا حکومت اور اتحادی جماعتوں نے فیصلے کے خلاف نظر ثانی اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پیر کو یہاں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا کہ ملک کے ساتھ بہت کھلواڑ ہو جا چکا، اگر ملک نے ترقی کرنی ہے تو ہمیں تاریخ کی سمت درست کرنا ہو گی، ووٹ آف نو کانفیڈنس کے دوران اسمبلی تحلیل کرنا آئین کی صریحاً خلاف ورزی ہے، اس حوالے سے کابینہ کی منظوری کے بعد آرٹیکل چھ کے تحت سپریم کورٹ میں کیس دائر کیا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے لیڈر نے ہمیشہ مخالفین پر اخلاق کے دائرے میں رہ کر تنقید کی، میثاق جمہوریت پر یقین رکھا، بدقسمتی سے ہمارے صبر تحمل ،سیاسی تربیت اور بُردباری کو کمزوری سمجھا جا رہا ہے، بانی چیئرمین پی ٹی آئی فسطائی ذہنیت کا حکمران تھا، ہماری اعلیٰ قیادت کو خواتین سمیت جیلوں میں ڈالا گیا اور اس گالم گلوچ کے کلچر نے معاشرے کو تقسیم کر کے رکھ دیا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے انٹرا پارٹی الیکشن نہیں کروائے، عدلیہ نے بن مانگے ان کے امیدواروں کو ریلیف دے دیا، پی ٹی آئی کی ممنوعہ ذرائع سے فارن فنڈنگ کیس میں چھ سال سے سٹے پر سٹے لیا گیا، 9 مئی کو ملکی دفاع پر ذاتی مفاد میں حملہ کیا، بانی پی ٹی آئی کا پورا خاندان ان کی تین بہنوں سمیت اس حملے میں ملوث تھا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے انتشار اور تشدد کی سیاست کو فروغ دیا، ملک کے دفاعی اداروں کو نقصان پہنچایا، جی ایچ کیو اور کمانڈر پر حملہ کیا، نیشنل ایکشن پلان کو ختم کیا، پی ٹی آئی حکومت ہی طالبان دیشت گردوں کو واپس لائی، سائفر کا ڈرامہ رچایا، اپنے سیاسی مفاد کے لئے ملک کے عالمی سطح پر تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی۔
عطا تارڑ نے کہا کہ آئین حکومت کو ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث جماعت پر پابندی لگانے کا اختیار دیتا ہے، تحریک انصاف پر پابندی کے لئے جواز موجود ہے، تحریک انصاف نے غیر آئینی طور پر اسمبلیوں کو توڑا، آئی ایم ایف کو خط لکھنا پی ٹی آئی ملک دشمن ایجنڈے کا حصہ تھا،اس وقت کے صدر عارف علوی، اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نیازی اور اس وقت کے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا ریفرنس کابینہ کی منظوری کے بعد سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ بیرون ملک کچھ لابیاں پاکستان کے خلاف کام کررہی ہیں، آئین اور قانون کے تحت ان کے خلاف کاروائی کی جائیگی، اب یہ چیئرمین نیب کو ٹارگٹ کر رہے ہیں بانی پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف ڈیل کو سبوتاژ کیا، ملک کو ڈیفالٹ کے دھانے پر پہنچایا ملک دشمن قوتوں کو تقویت دی اور اپنے سیاسی فائدے کے لئے پاکستان کا نقصان کیا، ملک کو آگے لے کر جانا ہے تو شرپسند عناصر پر پابندی لگانا ہی ہوگی۔