کراچی، 15 جولائی (اے پی پی):گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پیر کو نیشنل بینک آف پاکستان (این بی پی)کے ہیڈ آفس کا دورہ کیا۔این بی پی کے صدر رحمت علی حسنی سے گفتگو میں گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ نیشنل بینک آف پاکستان اہم قومی ادارہ ہے۔ ادارہ صارفین کو مزید بہترسہولیات فراہم کرنے کے اقدامات کرے۔انہوں نے کہا کہ بینک کی مختلف برانچز میں آنے والے بزرگوں ، پنشنرز اور بیوائوں کو سہولیات فراہم کی جائیں ۔ بینک بے روزگار نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لئے لون سکیمز کو زیادہ بہتر اور آسان بنائے تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سےمستفید ہوسکے۔انہوں نے کہاکہ دور درازعلاقوں میں نئی برانچز کھولی جائیں، اور اے ٹی ایمز کی سہولت فراہم کی جائے۔نیشنل بینک کے صدر نے کہا کہ بینک صارفین کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات کر رہا ہے۔