ڈیرہ غازی خان،15 جولائی (اے پی پی): کمشنر ڈیرہ غازی ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے آر پی او کیپٹن ر سجادحسن کے ہمراہ جام پور کا دورہ کیا اور جام پور میں قائم کنٹرول روم کا بھی معائنہ کیا۔کمشنر سے امن کمیٹی کے ممبران نے بھی ملاقات کی اور انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہا۔اس دوران محرم الحرام کے جلوسوں کے حوالے سے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پر موجود افسران نے کمشنر اور آر پی او کو انتظامات بارے آگاہ کیا۔
کمشنر ڈاکٹر ناصر محمود بشیر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز کی ہدایت پر ڈویژن بھر میں سکیورٹی کے بہترین اقدامات کٸے گٸے ہیں،ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے تمام علاقوں میں محرم کے دوران تمام اداروں کو مکمل الرٹ رکھا گیا ہے،ہم آہنگی اور اتحاد بین المسلمین کے لئے تمام متعلقہ سٹیک ہولڈر سے بھی مکمل رابطے میں ہیں۔ڈویژن بھر کے تمام علاقوں کی امام بارگاہوں مساجد اور جلوسوں کی سکیورٹی اور دیگر معاملات کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے ۔
کمشنر نے کہا محرم الحرام کے دوران امن کی فضا کو خراب کرنے والے عناصر سے سختی سےنمٹا جائے گا ۔ تمام مسالک میں ہم آہنگی کو برقرار رکھنے کے لٸے تمام ممکنہ اقدامات کئے گئے ہیں،جلوسوں کے راستوں پر صفائی ستھرائی کا خیال رکھا جارہا ہے،پولیس سمیت تمام متعلقہ محکمے مکمل فعال ہیں تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔
آر پی او سجاد حسن خان نے کہا کہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں محرم کے دوران سکیورٹی کے فول پروف اقدامات کئے گئے ہیں،تمام اضلاع کی پولیس امن وامان برقرار رکھنے کیلئے فعال اور الرٹ ہے۔