حب، 15 جولائی (اے پی پی ): وزیراعلیٰ بلوچستان کے مشیر برائے صنعت و حرفت پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما میر علی حسن زہری نے کہا ہے کہ صدر مملکت آصف علی زرداری بلوچستان کی صنعتی ترقی اور لوگوں کا معیار زندگی بہتر اور بلند کرنے کیلئے کوشاں ہیں ،ضلع حب کیلئے 15 ارب روپے کی مختلف ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ حب کے موقع پر حب لیڈا کانفرنس ہال میں پی ایس ڈی پی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں پر پیشرفت کے حوالے سے سرکاری محکموں کے افسران سے بریفنگ کے موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سول جام غلام قادر ہسپتال حب سمیت صوبے کے 80 ہسپتال انڈس ہسپتال کے حوالے کرنے جار ہے ہیں، ضلع حب میں 100بیڈ کا شہید بینظیر بھٹو ہسپتال کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے، 15 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دی گئی ہے، بلوچستان کی صنعتی ترقی میں کلیدی کردار اداکرنے والے محنت کشوں کیلئے سوشل سیکیورٹی ہسپتال کی ماڈر نائزیشن اور لیبر کوارٹرز کی اپ گریڈیشن منصوبے میں شامل کی گئی ہیں۔
میر علی حسن زہری نے کہا کہ حب ساحل سمندر گڈانی جیٹی قیام کیلئے تین ارب روپے فنڈز جاری کروائے ہیں، گڈانی میں بی ڈی اے پراجیکٹس کیلئے گیارہ ارب روپے کی اسکیمات پبلک سیکٹر پروگرام کے تحت شامل کی گئیں ہیں، ان فنڈز کا شفافیت سے درست استعمال یقینی بنایا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ مفاد عامہ کے تر قیاتی منصوبوں کے فنڈز عوام کی امانت ہوتے ہیں سرکاری محکموں کے افسران ترقیاتی کاموں کاکنٹریکٹ لینے والے ٹھیکیداروں سے کام لیں اگرکوئی کنٹریکٹر کوتاہی کرے تو فوری طورپرنوٹس جاری کرکے دوسرے کنٹریکٹر کو ایوارڈ کیا جائے۔
اس موقع پر اجلاس میں ڈپٹی کمشنر حب روحانہ گل کاکڑ اے ڈی سی علی رضا کھوسہ، اے سی حب محمد علی درانی، ایس پی معروف عثمان، سیاسی و سماجی شخصیت کونسلر محمد عثمان کوہ بلوچ اور دیگر اجلاس میں شر یک تھے ۔
ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو بلڈنگ سیکشن عبدالوہاب زہر ی نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع حب میں مفاد عامہ کی 27 ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، پی ایس ڈی پی میں ڈی سی کمپلکس حب کی اسکیم شامل نہ ہونے پر حکام سے رابطہ کیا ہے، میر علی حسن زہری نے موقع پر احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ضلع حب کی ترقی اورعوام کو بنیادی سہولیات فراہمی کیلئے جام صاحب اور ہمارا وژن ایک ہے نوزائیدہ ضلع حب میں ڈی سی کمپلکس کا قیام بہت ضروری ہے۔
ایکسئین سی اینڈ ڈبلیو بلڈنگ سیکشن عبدالوہاب زہری نے صوبائی مشیر کو بتایا کہ نرسنگ ہسپتال حب کی بلڈنگ کیلئے پی سی ون بناکر حکام کو بھیج دی گئی ہے۔ دس کروڑروپے کی لاگت سے اس منصوبے پر کام کیا جائیگا ۔
چیف افسر میونسپل کارپوریشن حب سید سلیم شاہ نے بریفنگ میں بتایا کہ مالی سال 2023/24 کی 22اسکیمات کے ٹینڈراجرا ء اور کنٹریکٹر کو ورک آرڈر جاری کئے گئے ہیں بی پیپر میں 2024/25 کی گیارہ اسکیمات اپ لوڈ کردی گئی ہیں آئندہ چند روز میں ٹینڈر ہونگے، میر علی حسن زہری نے کہاکہ حب ٹاؤن میں سات کلومیٹر طویل برساتی نالے کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کئے گئے،فوری طور پر کام شروع کیا جائیگا ۔انہوں نے حب ٹاؤن کی ماڈرنائزیشن کیلئے 600 اسکیمات بجٹ میں شامل کی گئی ہیں۔
چیف افسر سید سلیم شاہ نے وزیراعلیٰ کے مشیر کو یقین دہانی کرائی کہ منظور شدہ تمام اسکیمات پر فوری عملدرآمد اور ضلع حب کے عوام ترقی کا نیا سفر دیکھیں گے۔ ڈائریکٹر میرین فشریز بلوچستان احمد ندیم نے وزیراعلیٰ کے مشیر کو بریفنگ میں بتایا کہ بلوچستان کی کوسٹل بیلٹ میں ماہیگیری کے شعبے کے فروغ کیلئے 100ملین منظورکئے ہیں میرعلی حسن زہری نے پراجیکٹ پر فوری کام شروع کرنے کے احکامات جاری کئے۔ایکسئین پی ایچ ای بالاچ امیر نے بریفنگ میں بتایا کہ 2023/24 کی 96.500 ملین لاگت کی اسکیمات ٹینڈر جاری کئے گئے ہیں رواں مالی سال 2024/25 کی پی ایس ڈی پی کی 10 آبنوشی کی اسکیمات ضلع حب کے مختلف ایریاز کی ٹینڈر کی گئی ہیں مزید اسکیمات ٹینڈر ہونے جارہے ہیں۔
سب انجینئر ایریگیشن کینال محمد آصف عمرانی نے بریفنگ میں بتایا کہ محکمے کی چار اسکیمات پر کام جاری ہے ڈویژنل فاریسٹ افسر نے بریفنگ میں بتایا کہ محکمہ کی 30کروڑ کی اسکیم پی ایس ڈی پی سے ڈیلیٹ کردی گئی حالانکہ ضلع حب میں چھ ہزار ٹری پلانٹیشن اور172 ایکڑپر درخت لگائے گئے ہیں۔ کے الیکٹرک کے نمائندے نے بریفنگ میں بتایا کہ ضلع حب میں بجلی کے نئے فیڈرکا قیام اور ٹرانسمیشن لائینیں پول بچھانے کیلئے 138 ملین کے پراجیکٹ پر کام جاری ہے۔ چیف افسر وندر اورگڈانی کے علاوہ دیگر محکموں کے افسران نے اپنی اپنی محکمانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔