شیخوپورہ،16 جولائی(اے پی پی): تھانہ فیکٹری ایریا کے علاقہ ٹبہ رحمت کے قریب پولیس مقابلے میں شہید ہونے والے خانپور پوسٹ پٹرولنگ پولیس کے بہادر آفیسر اے ایس آئی ملک محمد نواز کی نماز جنازہ افتخار پولیس لائن شیخوپورہ میں ادا کر دی گئی ۔نماز جنازہ میں ایڈیشنل آئی جی پٹرولنگ پولیس پنجاب راؤ عبد الکریم خان ،ڈی آی جی پٹرولنگ پولیس اطہر وحید ، آر پی او شیخوپورہ اطہر اسماعیل ،ڈی پی او شیخوپورہ بلال ظفر شیخ ،ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ ڈاکٹر وقار علی خان کے علاوہ شیخوپورہ پولیس کے افسران و ملازمان و دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
اس موقع پر پولیس آفیسران کا کہنا تھا کہ ہمارے شہداء ہماری شان ہیں، یہ ہمارا فخر ہیں ہم اپنے شہداء کی لازوال قربانیوں کو کسی صورت نہیں بھول سکتے۔