محراب پور کا 115 سالہ تاریخی تعزیہ سج گیا، 10 محرم کے مرکزی جلوس میں عزاداروں کی توجہ کا مرکز رہیگا

43

نوشہرو فیروز،16 جولائی(اے پی پی): ضلع نوشہرو فیروز کے سب سے بڑے شہر محراب پور میں موجود 115 سالہ تاریخی تعزیے کو سجا لیا گیا ہے، 50 من سے زائد وزنی شبہیہ امام حسینؓ کو 60 لوگ کندھوں پر اٹھا کر جلوس کا حصہ ہونگے، تعزیہ 10 محرم کے مرکزی جلوس میں عزاداروں کی توجہ کا مرکز رہیگا۔

 محرم الحرام کے جلوسوں میں تعزیے نکالنا بڑی پرانی روایت ہے، محراب پور میں میرخاندان کے پاس 115 سالہ قدیمی تعزیہ موجود ہے، یہ شبیہہ امام حسینؓ میرباغ علی ٹالپر کی فرمائش پر 1908 میں انڈیا کے کاریگروں نے تیار کیا، اعلیٰ لکڑی سے تیار ہونے والے اس تعزیے میں کہیں بھی کیل کا استعمال نہیں کیا گیا، ماہر کاریگروں کی جانب سے ایک ساتھ ایک جیسے تین تعزیے تیار کئے گئے جس میں سے ایک لکھنو، دوسرا لاہور اور تیسرا محراب پور میں موجود ہے جو 1909سے یونہی سنگار کر ہرسال جلوس کا حصہ ہوتا ہے۔

اس قدیمی و تاریخی تعزیے کا وزن 50 من سے زائد ہے جسے میر خاندن کی چوتھی نسل سنھبال رہی ہے اس سال بھی اسے خوبصورت طرح سے سنگار کر تیار کیا گیا ہے۔