پشاور؛ریسکیو 1122 کی محرم الحرام کے دوران خدمات جاری

26

پشاور، 16جولائی(اے پی پی): ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا نے نویں محرم الحرام اور یوم عاشور کے دوران مختلف اضلاع میں اہم خدمات فراہم کیں۔ ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122، ڈاکٹر محمد آیاز خان کے مطابق، مختلف اضلاع میں میڈیکل کیمپس قائم کیے گئے ہیں جن میں ایمبولینسز، فائر ویکلز، الٹرین ویکل، ایمرجنسی میڈیکل ریسپانس یونٹ (بس) اور ضروری ادویات کے ساتھ میڈیکل ٹیکنیشنز تعینات کیے گئے ہیں۔امام بارگاہ حسینیہ ہال صدر میں بھی ایک میڈیکل کیمپ قائم کیا گیا ہے جہاں عزاداروں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

ڈاکٹر محمد آیاز خان نے بتایا کہ ریسکیو 1122 نے 120 سے زائد عزاداروں کو طبی امداد فراہم کی اور مزید علاج معالجے کے لیے متعدد عزاداروں کو ریسکیو ایمبولینس کے ذریعے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ماتمی جلوس کے ہمراہ خصوصی میڈیکل ٹیم بھی تعینات کی گئی ہے جس میں مرد اہلکاروں کے ساتھ خواتین میڈیکل ٹیکنیشنز بھی شامل ہیں تاکہ عزاداروں کو بہترین خدمات فراہم کی جا سکیں۔