پشاور، 16جولائی(اے پی پی): صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم مینا خان نے پشاور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
صوبائی وزیر نے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا اور سیکیورٹی انتظامات کے بارے میں بریفنگ لی۔صوبائی وزیر نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئے ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔انہوں نے شہریوں سے بھی درخواست کی کہ وہ قیام امن کے لئے تعاون کریں۔ انہوں نے امن کو سبوتاژ کرنے والے عناصر کے ساتھ کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
مینا خان نے کہا کہ محرم کا مہینہ مقدس ہے اور اس کا احترام کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے ضلعی انتظامیہ، لوکل گورنمنٹ اور پولیس افسران کے ساتھ مل کر کیے گئے بہترین سیکیورٹی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ان کی کوششوں کو سراہا۔