مری،17 جولائی (اے پی پی):کمشنر عامر خٹک کی زیر صدارت یوم عاشورہ کے موقع پر انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، ڈپٹی کمشنر مری آغا ظہیر عباس شیرازی سمیت دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ مری آج بروز بدھ کو دن 01 بجے سے لیکر اختتام جلوس تک بند رہے گی،10 محرم الحرام کو نیومری روڈ اور کوٹلی ستیاں روڈ پرموہڑہ سیداں، بھمروٹ سیداں، بن بازار تا سنگسیری بازار بوقت ضروت ڈائیورش لگائی جائے گی۔10محرم الحرام کو مری شہر لالہ زار ٹرن، سول ہسپتال مری، لوئر مال، مرحبا چوک امتیاز شہید روڈ 01بجے دن سے اختتام جلو س تک کسی قسم کی گاڑی انٹر نہیں ہونے دی جائے گی۔
عوام الناس اور شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لئے بانسرہ گلی، گھوڑا گلی، تریٹ بازار، سالگراں اور سترہ میل ٹول پلازہ پر ڈائیورشن پلان کے مطابق ٹریفک وارڈنز افسران کی ڈیوٹی لگا دی گئی ہے۔ عوام الناس سے یہ اپیل کی جاتی ہے کہ اس دورانیہ میں مری سے راولپنڈی اسلام آباد آنے و جانے کے لئے ایکسپریس وے کا استمال کریں۔