نوشہرہ ورکاں، 17 جولائی ( اے پی پی): یوم عاشور کے موقع پر سرکل سطح پر تین تھانہ جات کی حدود میں نوشہرہ ورکاں ،خان مسلمان ، ببر ، محلہ رڑوالہ ،قاسم پور 2 ، چٹی سیداں ، بھاکھرانوالی ، رتہ دھوتڑاں ، مچھرانوالی ، قلعہ جگو ، بڑی والا ، میں 12 جلوس نکالے گئے۔ نوشہرہ ورکاں میں مرکزی جلوس امام بارگاہ العمران سے نکالا گیا جس کے لیے اضافی نفری کے ساتھ سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔
دس محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ العمران سے برآمد ہوا اور اپنے روایتی راستوں پر چلتے ہوئے جلوس میں شریک عزا داران نے ماتم اور زنجیر زنی بھی کی اور جلوس چوک صدیقیہ ،بدورتہ روڈ سے ہوتا ہوا واپس امام بارگاہ العمران میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
اس موقع پر سیکورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے، جلوس کے راستوں میں تمام کاروباری مراکز بند رہے اورپنجاب پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ سول ڈیفینس اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی جلوس کی سیکورٹی پر مامور رہی جبکہ رینجر کے دستے شہر میں فلیگ مارچ کے بعد اپنے کیمپ میں موجود رہے۔ ایمر جنسی کے لیے محکمہ صحت کا عملہ،ریسکیو 1122 کے جوان،واپڈا اور ٹیلی فون کا عملہ بھی ساتھ رہا۔
ایس پی صدر گوجرانوالہ شاہد نواز وڑائچ،ایس پی آپریشنل گوجرانوالہ ڈاکٹر رضا تنویر بھی خان مسلمان و دیگر مقامات پر پہنچے اور سکیورٹی کا جائزہ لیا ،جبکہ اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں محمد نوید حیدر،ڈی ایس پی شاہد عنائت بھٹی ،سرکل بھر سے ایس ایچ اوز طاہر وٹو و دیگر ہمراہ نفری تمام جلوسوں کو مانیٹر کرتے رہے۔
محرم الحرام کے دس روز کے دوران تمام سرکاری ادارے جلوسوں اور مجالس کی سیکورٹی اور سہولتوں کی فراہمی کے لیے ہروقت الرٹ رہے اور شدید گرمی کے باعث مشروب کی سبیلوں کا انتظام کیا گیا تھا اور صاف پانی بھی میسر رہا۔