کوئٹہ میں دسویں محرم الحرام کا جلوس پر امن طور پر اختتام پذیر ہو گیا

18

کوئٹہ، 17 جولائی (اے پی پی):کوئٹہ میں دسویں محرم کا جلوس پر امن طور پر اختتام پذیر ہو گیا ۔ اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔  یوم عاشورہ کا  مرکزی جلوس چوک علمدار روڈ سے برآمد ہوا،مرکزی جلوس 37 دستوں پر مشتمل تھا  ، جلوس اپنے روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے میزان چوک پہنچا جہاں نماز ظہرین ادا کیا گئی ۔ نماز ظہرین علامہ سید ہاشم موسوی کی امامت میں ادا ہوئی  ۔

 اس موقع پر علما کرام نے واقعہ کر بلا پر روشنی ڈالی ۔ اس کے بعد  ماتمی جلوس اپنے روایتی راستوں پر عزاداری اور زنجیر زنی کرتے ہوئے لیاقت بازار ، پرنس روڈ ، سیعد احمد خان روڈ سے ہوتا ہوا دوبارہ علمدار روڈ پر اختتام پزیر ہو گیا  ۔ جلوس کے روایتی راستوں پر شہداء کربلا کی یاد میں سبیلیں بھی لگائی گئی تھیں اور مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے  تھے۔ حساس علاقوں میں 6600 سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے  گئے تھے جبکہ ایف سی لیویز اور دیگر اداروں کے اہلکار بھی  تعینات کیے گئے تھے ۔