کوئٹہ، 18 جولائی (اے پی پی):گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا ہے کہ وزیراعظم پاکستان میاں نواز شریف شریف کی قیادت میں موجودہ وفاقی حکومت کی ہدایت پر پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز کا کوئٹہ ٹو جدہ ڈائریکٹ خصوصی عمرہ پروازیں چلانے کا عوام دوست فیصلہ انتہائی لائق تحسین ہے جسکے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز 6 اگست 2024 سے عمرہ کی ادائیگی کیلئے کوئٹہ ٹو جدہ براہ راست پروازیں شروع کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس احسن اقدام سے پورے صوبے کے عوام کو سعودی عرب جانے سے پہلے اسلام آباد، کراچی یا لاہور وغیرہ جانے کی مجبوری سے چھٹکارا حاصل ہوجائیگا۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ میں بحثیت گورنر بلوچستان پورے صوبے کے عوام کی جانب سے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور ان کی پوری ٹیم اور پی آئی اے حکام کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہوں، براہ راست فلائٹ کے آغاز سے بلوچستان کے لوگ دوسرے شہر جانے کی تکالیف اٹھانے سے بچ جائیں گے اور اب انکا قیمتی وقت، توانائی اور پیسہ ضائع نہیں ہوگا۔
گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کے بصیرت انگیز نقطہ نظر اور فیصلہ کن عمل نے صوبے کے عوام کے ایک دیرینہ مسئلہ کو ایک شاندار کامیاب اقدام میں بدل دیا ہے، صوبے کے عوام ہمیشہ آپ کے اس عوام دوست اقدام کے شکر گزار رہیں جن کے ثابت قدم عزم، جرات مندانہ فیصلہ اور باہمی تعاون کے جذبے نے ایک قابل ذکر پیش رفت کی ہے۔