وزیر اعظم کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس

14

اسلام آباد ، 18 جولائی (اے پی ہی): وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں اصلاحات اور ڈیجیٹائز یشن کے حوالے سے چار گھنٹے پر محیط طویل اہم جائزہ اجلاس جمعرات کو یہاں  منعقد ہوا۔ اجلاس کو ان لینڈ ریونیو اورکسٹمز میں اصلاحات کے حوالے سے  اور ایف بی آر کی ڈیجیٹائزیشن کے حوالے سے گزشتہ آٹھ ہفتوں کی پیشرفت پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ ایف بی آر ڈیجیٹائز یشن کے مثبت نتائج سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں جبکہ موجودہ حکومت کے اب تک کے دور میں ٹیکس مقدمات کے حل کے لئے مختلف اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔

بریفنگ میں وزیراعظم نے ہدایت کی کہ دولت مند اور سرمایہ دار کو ترجیحی بنیادوں پر ٹیکس نیٹ میں لایا جائے، غریب طبقے پر اضافی بوجھ نہ ڈالا جائے، نظام کو مزید فعال بنانے کے لئے ریٹیلرز کے ساتھ مشاورت جاری رکھی جائے اور اسکے علاوہ وزیراعظم نے ٹیکس مقدمات کو جلد نمٹانے کے لئے ایپیلیٹ ٹریبیونلز کی تعداد بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے ایف بی آر میں جاری تمام اصلاحاتی منصوبوں کو اپ گریڈ کرتے ہوئے ایک جدید مرکزی نظام کے تحت لانے کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ ، وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ ، وزیر مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک ، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن جہانزیب خان ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل ، چیئرمین ایف بی آر ملک امجد زبیر ٹوانہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی۔