اسلام آباد، 18 جولائی (اے پی پی): وزیر اعظم کے کوآرڈینیٹر امور کشمیر شبیر احمد عثمانی کی زیر صدارت جمعرات کو اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں 5 اگست 2019 کو بھارتی غیر قانونی اقدام کی 5 ویں برسی “یوم استحصال” کے موقع پر مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان سید خالد گردیزی اور وزارت کے دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں وزارت خارجہ، وزارت اطلاعات و نشریات، اسلام آباد پولیس، وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام، کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی، وزارت تعلیم، پاکستان ریل وے، قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن، کنٹونمنٹ بورڈ سمیت مختلف وزارتوں اور محکموں کے حکام اور فوکل پرسنز، چاروں صوبوں کے اعلیٰ حکام، اسلام آباد اور راولپنڈی کے ضلعی انتظامیہ کے نمائندے اور دیگر حکام نے بھی شرکت کی۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما الطاف حسین وانی نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں 5 اگست 2019 کو بھارتی یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کے پانچ سال پورے ہونے پر مختلف وزارتوں اور محکموں کی جانب سے یوم استحصال کے حوالے مجموعی پلان پر تبادلہ خیال اور جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مختلف وزاتوں کے نمائندوں نے کوآرڈینیٹرکو اپنے اداروں کی جانب سے کی جانے والی تیاریوں پر بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ اس دن کی مناسبت کے حوالے سے بھرپور تیاریاں کر رہے ہیں۔
شبیراحمد عثمانی نے کہا کہ پاکستان اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں پر ہونے والے بھارتی مظالم کے خلاف ہر فورم پر اپنی آواز اٹھائے گا جب تک ان کو حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔