لاہور،18جولائی(اے پی پی):چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ محرم الحرام میں پورے ملک میں پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل ہوا ،تمام علما کرام کا عاشورہ محرم میں مثبت کردار رہا ،سکیورٹی ادارے اور پاک فوج امن و امان بر قرا ر رکھنے پر تحسین کے مستحق ہیں ،سیاسی استحکام سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز یہاں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہو ئے کیا ۔حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ سیاسی استحکام سے ہی دہشت گردی کا خاتمہ کیا جا سکتا ہے ،جب تک ملک میں دہشت گردی سے نجات نہیں ملے گی معاشی استحکام نہیں آئے گا، میثاق پاکستان وقت کی ضرورت ہے ،قومی قیادت کو پاکستان کے معاشی استحکام کیلئے مل بیٹھنا ہو گا اور سر جوڑ کر مہنگائی سمیت تمام مسائل کا حل نکالنا چاہیے، قطر سعودی عرب سمیت دیگر ممالک سے سرمایہ کار پاکستان آنا چاہتے ہیں،برآمدات کو بڑھا کر اور درآمدات کو کم کر کے ہی ہم آئی ایم ایف کے چنگل سے نکل سکتے ہیں۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ خواتین و بچوں کو نشانہ بنانے والے دہشتگردوں کو عبرتناک انجام تک پہنچایا جائے،دہشتگردی کیخلاف قوم اور پاک فوج نے مل کر فتح حاصل کی ۔انہوں نے کہا کہ افغانستان ہمارا برادر ملک ہے، افغان عبوری حکومت اپنی سر زمین دہشتگردی کیلئے استعمال سے روکے، پاکستانی قوم نے اپنا پیٹ کاٹ کر افعان بھائیوں کی مہمان نوازی کی ،ان قدموں کو روکا جائے جو افغانستان سے پاکستان میں دہشتگردی کیلئے آ تے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ہم افغانستان سے محبت کی توقع کرتے ہیں، ہمارے ذہنوں میں یہ تصور بھی نہیں تھا کہ طالبان حکومت آنے کے بعد بھی پاکستان میں خون کی ہولی کھیلی جائے گی۔
طاہر اشرفی نے کہا کہ ہم پاکستان اور افغانستان میں امن چاہتے ہیں، دونوں ملکوں کیلئے امن ناگزیر ہے،افغان حکومت میڈیا پر الزام تراشی نہ کرے بلکہ حقائق سامنے لائے ،ڈیرہ اسماعیل خان کے دیہی سنٹر میں بچوں و خواتین کو قتل کرنا کون سا دین سکھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران پیغام پاکستان ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد ہوا ،ملک بھر میں امن و امان کیلئے علما کرام نے سلامتی اداروں اور پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہوکر اہم کردار ادا کیا ، تمام مکاتب فکر، مشائخ و ذاکرین کا شکریہ ادا کرتاہوں جنہوں نے محرم الحرام میں امن و امان کیلئے بہترین خدمات سرانجام دیں۔
چیئرمین پاکستان علما کونسل حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ہمارے مدارس سے جو افغان علما پڑھے ہیں وہ آگے آئیں اور اس دہشت گردی کو روکنے میں کردار ادا کریں،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان و افغانستان حکومت کو بات چیت کرنا ہوگی جو بھی ملک میں قتل و قتال کرے گا وہ ملک کے دشمن کو خوش کرے گا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک کے مطالبات سے کوئی انکار نہیں کررہا،تحریک لبیک ملک کی جماعت ہے اس کو قانون کے دائرے میں رہ کر احتجاج کرنے کا حق حاصل ہے، اپنے لوگوں کیلئے راستے بندکرنا یا مشکلات پیدا کرنا درست عمل نہیں اگر کوئی مطالبہ ہے تو وہ حکومت کے سامنے رکھے تاکہ مسئلہ کو حل کیاجا سکے۔