وزیراعظم شہباز شریف کھیلوں سمیت ہر شعبے میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں، حکومت باصلاحیت بچوں کی سرپرستی کرے گی؛ رانا مشہود احمد

12

اسلام آباد،21جولائی(اے پی پی):چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کھیلوں سمیت ہر شعبے میں خصوصی توجہ دے رہے ہیں، حکومت باصلاحیت بچوں کی سرپرستی کرے گی۔

وہ اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ مسلم ہینڈز بین الاقوامی  کھیلوں، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں کام کر  رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں،نوجوان بچوں کو مواقع دیں تو پوری دنیا میں پاکستان کا لوہا منواتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ اسٹریٹ چائلڈ ٹیم نہیں بلکہ پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں ،پاور لفٹنگ مقابلوں میں ہماری بچیوں نے آٹھ گولڈ میڈل جیتے۔انہوں نے کہا کہ    وزیراعظم شہباز شریف نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کےلئے  ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہے ہیں، ہماری توجہ فٹبال پر بھی ہے،ہم پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے ذریعے کھیلوں میں باصلاحیت ٹیلنٹ کو سامنے لائیں گے، کھلاڑیوں کےلئےجدید بائیو مکینک لیب بھی بنائیں گے،اگلے سال سا ئوتھ ایشین گیمز پاکستان میں ہونے جارہی ہے،یوتھ اولمپکس کو بھی ہم فوکس کررہے ہیں۔

چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد نے کہا کہ دنیا میں سپورٹس ایک انڈسٹری کا درجہ پا چکی ہے،ہمارے بچے بھی رونالڈو اور میسی سے کم نہیں ہے،ہم نے ہاکی میں بھی کسی کی سفارش نہیں سنی،چاہتے ہیں کہ ہر کھیل میں ٹیمیں میرٹ پرمنتخب ہوں،امید ہے اسٹریٹ چائلڈٹیم اس بارٹرافی جیتے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کام کرنیوالی قوتوں کو شکست ہوگی،2013میں معیشت   تباہ ہوچکی تھی ،جھوٹ کی بنیاد پر ملک میں دھرنوں اور پراپیگنڈے  نے معیشت تباہ کی،نواز شریف کے حکومت میں آنے کے بعد ملک سے دہشتگردی ختم ہوئی، ملک نے معاشی ترقی کی۔دوست ممالک نے بڑی تعداد میں پاکستان میں سرمایہ کاری کی ہے۔

رانا مشہود نے کہا کہ قومی ادارے یکسوئی کیساتھ ملکی استحکام کےلئے  کام کررہے  ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم یاد رکھے کہ آئی  ایم ایف سے معاہدے کون کرکے گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) جب حکومت میں آتی ہے تو ملک میں خوشحالی آتی ہے،موجودہ چیلنجز وقتی ہے،اگلے سال آئی ایم ایف کا پروگرام نہیں ہوگا ملک میں ضرورخوشحالی آئے گی،ملک دشمن چاہتے ہیں کہ پاکستان کا حال سری لنکا جیسے ہو،حکومت اپنے پانچ سال پوری قوت سے پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ 2017میں   نواز شریف کو نکالا گیا،قوم اب مزید ایسا کوئی  ایڈونچر نہیں چاہتی،ہم نے ملک کو قرض کی لعنت سے نجات دلانی ہے۔

رانا مشہود نے کہا کہ   پاکستان کے خلاف ہر سازش کا ملکر مقابلہ کریں گے،پاکستان کی ترقی اب کوئی  نہیں روک سکتا،پاکستان مخالف طاقتیں دنیا کے سامنے ننگی ہوں گی۔ انہوں نے کہا  کہ  دورہ برطانیہ کے دوران مختلف شعبوں میں بہتری پر بات چیت ہوئی،ہم سب نے ملکر ملک کو آگے لیکر جانا ہے۔