اقلیتی برادری کے مسائل کا حل صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے؛ صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑہ

17

ساہیوال،21 جولائی ( اے پی پی ): صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ اقلیتی برادری کے مسائل کا حل صوبائی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے جس کے لئے بجٹ میں خطیر رقم بھی مختص کی گئی ہے۔

 انہوں نے یہ بات گاسپل چرچ میں مسیحی نمائندہ وفد سے ملاقات میں کہی۔ اس موقع پر بشپ آف ساہیوال ابراہم عظیم ڈینیل اور ایم پی اے ملک قاسم ندیم بھی موجود تھے۔ انہوں نے مسیحی برادری کے مسائل توجہ سے سنے اور انہیں حل کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی مریم نواز پنجاب میں کرسچن قبرستانوں کی بحالی کے لئے سنجیدہ ہیں اوراس اہم مسئلے پر بہت جلد پیش رفت ہو گی۔

صوبائی وزیر رمیش سنگھ اروڑا نے  بتایا کہ مسیحی بچوں کے لیے پانچ فیصد جاب کوٹا بھی مختص ہے جبکہ خوشی کے تہواروں پر خصوصی گرانٹ بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے چرچز کی سکیورٹی فول پروف کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔