اوکاڑہ،20 جولائی (اے پی پی): ممبر قومی اسمبلی و چیئرمین ڈسٹرکٹ کو آرڈنیشن کمیٹی چوہدری ریاض الحق نے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبے میرٹ اور شفافیت کے مظہر ہونے چاہییں اور اس سلسلہ میں تمام متعلقہ ادارے و افسران دلجمعی سے کام کریں، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق عوامی فلاح و بہبود کے لئے صوبہ بھر میں انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں، ہسپتالوں سمیت بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز کی ری ویمپنگ اسی سلسلہ کی ایک کڑی ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب شعبہ صحت میں انقلابی اقدامات کی خواہاں ہیں اور بہت جلد بہترین حکمت عملی سے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات بہم پہنچا کر ان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ کو آرڈنیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان نے ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے بارے تفصیلی بریفنگ دی۔ممبر قومی اسمبلی چوہدری ریاض الحق نے کہا کہ انشاء اللہ بہت جلد ضلع اوکاڑہ کے میڈیکل کالج میں ترقیاتی کام شروع ہو جائیں گے جس سے شعبہ صحت میں درپیش مسائل میں خاطر خواہ کمی آئے گی اس کے ساتھ ساتھ ضلع کی تینوں تحصیلوں میں ڈسٹرکٹ ہسپتالوں کے ساتھ ساتھ بنیادی مراکز صحت اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں ری ویمپنگ کا کام بھی شروع کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہسپتالو ں میں ادویات کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لئے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے تاکہ ہسپتالوں میں آنے والے مریضوں کو ہسپتال کے باہر سے ادویات نہ خریدنی پڑیں۔
اس موقع پر ممبران قومی و صوبائی اسمبلی نے اپنے اپنے حلقہ میں درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کیا اور اپنی مثبت تجاویز بھی پیش کیں۔
اجلاس میں ممبر قومی اسمبلی میاں معین احمد وٹو،ممبران صوبائی اسمبلی،میاں محمد منیر،چوہدری جاوید علاؤ الدین،ملک علی عباس کھوکھر،چوہدری غلام رضا ربیرہ،نو ر الامین ناصر وٹو، چوہدری افتخار حسین چھچھر،ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) فرخ عتیق خان،ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طارق عزیز سندھو سمیت ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کے نمائندوں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو کامران بشیر ڈوگر،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سید جمیل حیدر شاہ،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ چوہدری طاہر امین،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پلاننگ رضوان وارث،تینوں تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز صاحبان سمیت تمام وفاقی و صوبائی محکموں کے سر براہان نے شر کت کی۔