اسلام آباد،22 جولائی (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی اور اصلاحات نے ادارہ شماریات پاکستا ن ( پی بی ایس) کو جدید طرز پر تبدیل کرنے کے لیے ایک جامع پانچ سالہ اسٹرٹیجک پلان تیار کرنے اور فی الفور تمام شعبہ جات کے ماہرین پرمشتمل ٹاسک فورس تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ یہ ٹاسک فورس دنیا بھر میں ڈیٹا کلیکشن اور اس کے تجزیہ کے جدید اسالیب اور ٹیکنالوجی کے حوالے سے رجحانات کی روشنی میں پی بی ایس کو جدید بنانے کے لئے سفارشات مرتب کرے۔
آج پی بی ایس کی اصلاحات کے حوالے سے منعقد کئے جانے والے ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ پرائیویٹ سیکٹر سے ماہرین کو شامل کر کے ایک ٹاسک فورس بنائی جائے جو بہترین عالمی طریقوں کا مطالعہ کر سکے اور پاکستان بیورو آف شماریات میں اصلاحات کے لیے پانچ سالہ سٹریٹجک پلان پیش کر سکے۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی نے تاکید کی کہ پی بی ایس کو اعلیٰ کارکردگی کے حامل مثالی ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے ڈیٹا اکٹھا کرنے کے لئے جدید رجحانات کا مطالعہ اور تحقیق پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وفاقی ادارہ شماریات میں بامعنی اور جدید اصلاحات کے ذریعے جدید طرز کا بین الاقوامی معیار کا ادارہ بنایا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ادارہ شماریات میں اصلاحات کے لئے نجی اداروں اور ماہرین سے بھی مدد حاصل کی جائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کے احکامات کے مطابق اس سال زیادہ ترقیاتی منصوبوں کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔ ادارے کو درپیش مسائل کے حوالے سے وفاقی وزیر نے کہا کہ ادارے کو محدود صلاحیتوں کی وجہ سے نجی شعبے اور مختلف ذرائع سے ڈیٹا حاصل کرنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اس حوالے سے حکومتی اور نجی اداروں کے درمیان ڈیٹا گیپ ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آئندہ میٹنگ میں کینیڈا، برطانیہ اور ترکی میں شماریاتی اداروں کے بہترین ماڈلز کا مطالعہ کر کے پاکستان بیورو آف شماریات کی طرف سے تفصیلی تجاویز پیش کی جائیں۔
اس سے قبل پی سی بی کے چیف سٹیٹسٹیشن ڈاکٹر نعیم ازظفر نے وفاقی وزیر کو ادارے کے مختلف شعبوں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی اور بتایا کہ ڈیٹا کلیکشن اور ڈیٹا کی تقسیم کے عمل کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا بھر میں بگ ڈیٹا کے ذریعے پیچیدہ معلومات حاصل کرکے پالیسی سے متعلق فیصلہ سازی کی جاتی ہے۔ اس ادارے کی کارکردگی کو جدید اصطلاحات کے ذریعے بہتر بنایا جا سکتا ہے تاکہ ڈیٹا اینالیٹکس یعنی ڈیٹا کے زریعے موثر معلومات حاصل کرنے کو ممکن بنایا جاسکے۔