سکھر،23جولائی(اے پی پی): کمشنر کی جانب سے جنگلات کی بحالی اور شجرکاری کے لیے بنائی گئی ٹاسک فورس کے پہلے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر و کنوینر ڈسٹرکٹ ٹاسک فورس ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے درختوں کی کٹائی کو سختی سے روکنے اور آرا مشینوں پر نظر رکھنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے کہا کہ لکڑی کے غیر قانونی کاروبار میں ملوث آرا مشینوں کو بند کیا جائے۔
ڈپٹی کمشنر نے فاریسٹ آفیسر کو ہدایت کی کہ موسمیاتی تبدیلی کی قومی پالیسی کو مدنظر رکھتے ہوئے سکھر کے انڈسٹریل ایریا کے ارد گرد اور خالی جگہوں پر زیادہ سے زیادہ شجرکاری کی جائے جبکہ ایک ماہ کے اندر وہاں گرین بیلٹس بھی قائم کرکے درخت لگائے جائیں، ہر صنعتی یونٹ کے سامنے گرین بیلٹ قائم کیے جائیں اور اس سلسلے میں چیمبر آف کامرس اور انڈسٹریز کا بھی تعاون حاصل کیا جائے اور محکمہ صنعت سے اس سلسلے میں خط و کتابت بھی کی جائے۔
ڈاکٹر ایم بی راجہ دھاریجو نے کہا کہ ضلع میں زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کے لیے کمیونٹی بالخصوص طلباء، اساتذہ، این جی اوز اور باشعور شہریوں کا تعاون حاصل کیا جائے اور ہر خالی جگہ کو پودوں سے سرسبز بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مہینہ درخت لگانے کے لیے سازگار ہے۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنرز، محکمہ آبپاشی و جنگلات کے افسران، جی ایم ایم سی ٹیچنگ ہسپتال، بیگم نصرت بھٹو ویمن یونیورسٹی، اروڑ یونیورسٹی، سکھر آئی بی اے یونیورسٹی اور دیگر تعلیمی اداروں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔