وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کی جموں و کشمیر کی جائیدادوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے   منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت

8

اسلام آباد، 23 جولائی(اے پی پی):وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ ریاست جموں و کشمیر کی جائیدادوں کے زیادہ سے زیادہ استعمال کے لیے ایک قابل عمل اور جامع منصوبہ تیار کریں۔

 وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے منگل کو یہاں وزارت میں جموں و کشمیر اسٹیٹ پراپرٹیز کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان وسیم اجمل چوہدری، ایڈیشنل سیکرٹری سید خالد گردیزی اور جوائنٹ سیکرٹری محمد حامد خان اور ایڈمنسٹریٹر جموں و کشمیر اسٹیٹ پراپرٹیز نے شرکت کی۔

 وفاقی وزیر نے ان اثاثوں کے تحفظ اور ان کے موثر استعمال کو یقینی بنانے کے لیے جامع حکمت عملیوں کی ضرورت پر زور دیا تاکہ ان علاقوں اور اس کے عوام کے مفاد میں ہو۔انہوں نے کہا کہ تمام جائیدادوں کے کرائے کا ازسر نو جائزہ لیا جائے۔انجینئر امیر مقام نے ایڈمنسٹریٹر کو سیکرٹری امور کشمیر و گلگت بلتستان کی مشاورت سے جامع پلان بنانے کی ہدایت کی۔

قبل ازیں ایڈمنسٹریٹر نے اجلاس کو اس سلسلے میں وفاقی وزیر کی ہدایت پر کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔