وفاقی کابینہ کا اجلاس ، فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کی مذمت میں قرارداد منظور

9

اسلام آباد، 24 جولائی(اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں فلسطینیوں کی حمایت اور اسرائیل کی مذمت میں قرارداد منظور ہوئی جس میں اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کا مقدمہ چلانے کا مطالبہ کیا گیا۔

وزیراعظم اور کابینہ اراکین نے فرینکفرٹ ، جرمنی میں پاکستانی قونصلیٹ پر ہونے والے حملے اورپاکستانی پرچم کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

وزیراعظم نے دہشتگردی کی حالیہ کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ان واقعات میں جام شہادت نوش کرنے والے سیکیورٹی فورسز کے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے بلندی ء درجات کی دعاء کی۔

اسکے علاوہ بدھ کے روز لیئے گئے وفاقی کابینہ کے اہم فیصلوں میں ملک میں کاروباری سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور سیاحت کے فروغ کیلئے اقدامات، 126 ممالک کے لئے آن لائین ویزا ایپلی کیشن سسٹم کے نفاذ کی منظوری، تیسرے ملک کا پاسپورٹ رکھنے والے سکھ یاتریوں کے لئے ویزا آن ارائیول کی سہولت کے لئے الگ سے سب-کیٹیگری کی منظوری دی  گئی۔

اجلاس میں وفاقی کابینہ نے اسلام آباد، بلوچستان، سندھ، لاہور اور پشاور کے معزز ہائی کورٹس اور وفاقی وزارتِ قانون و انصاف کی سفارش پر بینکوں کے مقدمات کے حوالے سے خصوصی عدالتیں اور بینکنگ کورٹس نوٹیفائی کرنے کی منظوری بھی دی۔

وفاقی کابینہ نے پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان لاجسٹکس ، ٹرانسپورٹ، گرین اینڈ سسٹین ایبل گروتھ،  واٹر ویسٹ مینجمنٹ ، اربن گرین ڈویلپمینٹ،  متبادل توانائی اور بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کے شعبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے فروغ کے حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کرنے کی منظوری دے دی۔