پشاور، 24جولائی(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ نوجوان ہمارے ملک کا اثاثہ و سرمایہ ہیں، نئی نسل میں برداشت رواداری بین المذاھب ہم آہنگی کا جذبہ پیدا کرنا انتہائی ضروری ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان یوتھ پارلیمنٹ کے وفد سے گفتگو کے دوران کیا، وفد کی قیادت صدر محمد ابوبکر کررہے تھے۔ گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ میں خود ینگ پارلیمنٹیرین فورم کا سربراہ رہا ہوں، ہمیشہ نوجوانوں کی ترقی اور ملک کی بہتری میں نوجوانوں کو قائدانہ کردار دینے کا حامی رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شعبہ زندگی میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرکے صوبہ کا روشن چہرہ آگے لارہے ہیں ۔ جب بھی خیبرپختونخوا کا نام آتا ہے تو دہشت گردی ، بدامنی کا تاثر ابھرتا ہے مگر باصلاحیت نوجوانوں کو ہم اکھٹا کرکے بتائیں گے کہ اس صوبہ نے ملک کو بہت کچھ دیا بھی ہے اور ہمارے نوجوان مثالی کام کررہے ہیں۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ بیوروکریٹ اور سیاستدانوں کے لیئے قانون سازی کی جائے کہ انکے بچے سرکاری سکولوں میں پڑھیں تب ہی نظام تعلیم بہتر ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں سٹوڈنٹس یونین پر پابندی ختم ہے، خیبرپختونخوا اسمبلی میں ہمارے ایم پی ایز اس حوالہ سے کام کررہے ہیں۔
گورنر نے کہا کہ صوبہ میں کھیلوں کے میدان آباد کرنے ہونگے یونیورسٹیوں میں منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کی شکایات تشویش ناک ہیں نوجوانوں کو ساتھ لیکر مسائل حل کرینگے آپ تجاویز لائیں ہم مدد کرینگے۔
قبل ازیں یوتھ پارلیمنٹ کے وفد نے گورنر خیبرپختونخوا کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا اور مختلف تجاویز پیش کیں۔