اسلام آباد،25جولائی(اے پی پی): وفاقی وزیربرائے نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ او ر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی( این ایچ اے ) کے مختلف منصوبوں کے حوالے سےایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں چاروں صوبوں اور گلگت بلتستان میں این ایچ اے کے منصوبوں پر غور و خوض کے علاو ہ نئے ٹول پلازوں کی تعمیر اور فنکشنل ہونے کی تفصیلات پیش کی گئیں۔
اس موقع پر وفاقی وزیر نے شاہراہوں کی تعمیر اور نئے منصوبوں کی نشاندہی کی ترجیحات کا تعین کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین این ایچ اے تعمیراتی منصوبوں کیلئے ایماندار اور با صلاحیت افسران کا انتخاب کریں۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر کو نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے افسران کی طرف سے گلگت پیکج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جس کے بعد عبدالعلیم خان نے گلگت سے خنجراب موٹروے کو “گیم چینجر” کہتے ہوئے کہا کہ گوادر تک سڑک اور ریل کے ذریعے زمینی رابطہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اس موٹر وے کے ذریعے چین اور وسط ایشیائی ممالک تک رسائی ہوسکتی ہے۔ اس کے علاوہ انہوں نے گلگت سے چترال، شندور، مانسہرہ اور دیگر سڑکوں کی معیاری تعمیر یقینی بنائیں۔
اجلاس میں گلگت بلتستان میں بھی موٹروے پولیس تعینات کرنے اور صارفین کو بہترین سہولیات دینے پر غور کیا گیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہراہوں اور سڑکوں کی تعمیرکے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا، شاہراہوں پر سیکورٹی بہتر ہو گی تو زیادہ ٹورسٹ اور شہریوں کو سفری سہولیات ملیں گی۔