گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی کی وفاقی وزیر احسن اقبال سے ملاقات

12

اسلام آباد، 25 جولائی ( اےپی پی): گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم کنڈی نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ، ترقی و اصلاحات و خصوصی اقدامات احسن اقبال سے ملاقات کی جس میں صوبے میں جاری وفاق کے ترقیاتی منصوبوں پر گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں تمام فیڈرز پر بجلی کی مناسب سپلائی دی جائےتاکہ لائن لاسز کو کم سے کم کیا جا سکے اور ریکوری ممکن بنائی جا سکے۔

 گورنر فیصل کریم کنڈی نےامید کا اظہار کیا کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے وفاقی حکومت مزید اقدامات کرے گی۔

فیصل کنڈی نے کہا کہ درابن میں صنعتی زون بنایا جائے  اور اسلام آباد انٹر نیشنل ایئر پورٹ کے ساتھ انٹر چینج دیا جائے جس  سے اسلام آباد کے تاجر ڈیڑھ گھنٹہ میں صنعتی زون  پہنچ سکتے ہیں۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کے کچی کنال کے دوسرے فیز کا اٹھانوے فیصد کام مکمل  ہے اس کو جلد سے جلد پایہ تکمیل تک پہچایا جائے۔

وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے یقین دہانی کروائی کہ وفاق کی جانب سے صوبہ کے پی  میں تمام ترقیاتی پروگرام کی تکمیل کے لیے مرکزی حکومت اپنا بھر پور کردار ادا کرے گی۔