صوبائی وزراء صحت  کی زیر صدارت اجلاس،  43 جیلوں میں ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کے اقدامات کا جائزہ

11

لاہور،25 جولائی ( اے پی پی ): صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر میں پنجاب کی جیلوں میں ہسپتالوں کی بہتری کیلئے اہم اجلاس منعقد ہوا۔صوبائی وزراء صحت خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر نے اجلاس کے دوران 43 جیلوں میں ہسپتالوں کے حالات بہتر کرنے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ  پنجاب کی جیلوں میں مریض قیدیوں کو صحت کی بہترین سہولیات فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ ریفرل نظام کو بہتر بنانے کیلئے جیلوں سے بیمار قیدیوں کی بڑے ہسپتالوں میں منتقلی کیلئے ٹرانسپورٹیشن سسٹم کو بھی بہتر کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کی صحت کو یقینی بنانے کیلئے کنسلٹنٹس کے وزٹس کا معمول بنایا جائے گا۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ عمران نذیر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں کسی بیمار قیدی کو علاج و معالجہ کے حوالہ سے کوئی مشکل نہیں آنی چاہئے۔ پنجاب کی جیلوں میں قیدیوں کی سکریننگ کے علاوہ ریگولر میڈیکل چیک اپ کو یقینی بنایا جائے گا۔قیدیوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔

اجلاس میں سپیشل سیکرٹری محمد اقبال، ایڈیشنل سیکرٹریز ڈاکٹر یونس اور ڈاکٹر زاہدہ اظہر، ڈپٹی سیکرٹری عبد الرحمن، پروفیسر شہزاد انور، ایس ایس پی جیل خانہ جات محمد اعجاز اور ڈاکٹر شاہ جہان کے علاوہ دیگر افسران نے شرکت کی۔