ملک  درست راستے پر گامزن ہے ، جلد معیشت مستحکم ، خوشحالی آئے گی؛ رانا مشہود احمد خان

10

کراچی، 25 جولائی (اے پی پی) وزیراعظم یوتھ ڈویلپمنٹ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان نے ملک کے مستقبل کے بارے میں پرامید ہونے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملک  درست راستے پر گامزن ہے اور مستقبل قریب میں  ملک میں  مستحکم معیشت کیساتھ ساتھ  خوشحالی آئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان پاورٹی ایلیویشن فنڈ کے زیر اہتمام انشورنس پالیسیوں کے اجراء کی تقریب کے دوران کیا۔رانا مشہود نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور موجودہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی کاروباری دوست پالیسیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا ملکی برآمدات کو فروغ دینے کا وژن ہے اور وہ 60 ارب ڈالر کے برآمدی ہدف تک پہنچنے کے مقصد کے ساتھ مختلف اقدامات پر عمل درآمد کر رہے ہیں۔

تقریب میں سندھ اور بلوچستان کے 22 اضلاع کے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں میں 25 انشورنس پالیسیاں تقسیم کی گئیں۔ یہ پالیسیاں، دیہی ترقی اور پائیدار ترقی کے لیے یورپی یونین کے فنڈڈ گروتھ  پروگرام کا حصہ ہے اور  زرعی شعبے میں فصلوں اور مویشیوں کو آب و ہوا سے متعلق خطرات سے بچانے کے لیے بنائی گئی ہیں۔

تقریب میں سینیٹر نہال ہاشمی، پی پی اے ایف کے سی ای او نادر بلوچ اور ایس ایم ایز کے مختلف نمائندوں نے بھی شرکت کی۔