فیصل آباد،25جولائی (اے پی پی): پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کی ائیر ایمبولینس تربیتی پرواز پر فیصل آباد پہنچ گئی، سیکرٹری ایمرجنسی نے ائیر ایمبولینس شروع کرنے کا اعلان کیا۔
پنجاب ایمرجنسی سروس ڈیپارٹمنٹ کی ائیر ایمبولینس پہلی بار فیصل آباد پہنچ گئی۔سیکرٹری ایمرجنسی ڈاکٹر رضوان نصیر نے فیصل آباد میں ائیر ایمبولینس شروع کرنے کا اعلان کیا،ائیر ایمبولینس سروس نے فیصل آباد کیلئے ٹیسٹ فلائیٹ لی،ایئر ایمبولینس فیصل آباد ائیر پورٹ پر لینڈ کی۔
اس موقع پر میڈیا کو بتایا گیا کہ 45 کروڑ روپے کی خطیر رقم سے ائیر ایمبولینس منصوبے کا آغاز کیا گیا ہے، ابتدائی طور پر ڈویژن کی سطح پر سروس فراہم کی جائے گی جسے ضلع اور تحصیل کی سطح تک فراہم کیا جائے گا، سول ایوی ایشن اور دیگر متعلقہ اداروں کے تعاون سے ائیر ایمبولینس کے ذریعے ایمر جنسی سروسز کی فراہمی کیلئے تربیتی مشقیں جاری ہیں۔ فیصل آباد میں بھی منتخب سٹاف کو اس حوالے سے تربیت فراہم کی جائے گی۔
متعلقہ حکام کے مطابق اس سے پہلے بہاولنگر و میانوالی کی ٹیسٹ فلائیٹس کی جاچکی ہیں،حکام نے بتایا کہ ابتدائی طور پر ایک مریض کو خدمات فراہم کرنے کی سہولت موجود ہے جس میں اضافہ کیا جائے گا۔ پانچ افراد پر مشتمل عملہ ذمہ داریاں ادا کرے گا جس میں 2 پا ئلٹ شامل ہونگے۔ ائیر ایمبولینس میں ایمرجنسی سروس فرسٹ ایڈ کے جدید ترین آلات نصب کئے گئے ہیں۔
حکام نے اے پی پی کو بتایا کہ اس وقت پی آئی ایس ڈی کے پاس 2 ایمبولینس موجود ہیں جو کہ لاہور اور ملتان سٹیشنز کو دی گئی ہیں۔مزید 2 ائیر ایمبو لینسں تیاری کے فائنل مراحل میں ہیں جن میں سے ایک ایمبولینس فیصل آباد سٹیشن کو دی جائیگی۔
سیکرٹری ایمرجنسی نے میڈیا کو بتایا کہ ائیر ایمبولینس سروس کے آغاز کا مقصد فوری اور بروقت ابتدائی طبی سہولیات کی فراہمی اور جدید طبی سہولیات تک رسائی فراہم کرنا ہے۔