اسلام آباد،26 جولائی (اے پی پی ):وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ و نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان نے اسلام آباد میں زیر تعمیر بزنس سہولت مرکز کا دورہ کیا اور وہاں جاری کام اور مہیا کی جانے والی سہولتوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد بزنس سینٹر کے “لے آؤٹ پلان” میں تبدیلی کی ہدایت کی ۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے بورڈ آف انویسٹمنٹ اور “سی ڈی اے” کے اشتراک سے سہولت مرکزکی معیار ی اور جلد تعمیریقینی بننے اور بزنس کمیونٹی کیلئے سہولت مرکز کو زیادہ سے زیادہ وسیع اور آرام دہ بنانے کی ہدایت دی اور کہا کہ بورڈ آف انویسٹمنٹ ” بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر” پر کاروبار کرنے والے کوون ونڈو سہولتیں دے گا، مرکز میں بیک وقت 40کاؤنٹرز کام کرینگے جبکہ سینٹر کے لیے یونیورسٹیوں کے فارغ التحصیل نوجوان بہتر پیکج پر آفیسر بھرتی کیے جائیں گے
عبدالعلیم خان نے کہا کہ اس سہولت مرکز کو ماڈل ہونا چاہیے،بعد میں اس طرح کے مزید مراکز بنائے جائیں گے، اس سینٹر میں کاروبار سے متعلقہ تمام محکموں کے مسائل ایک ہی چھت تلے حل ہونگے اور اسلام آباد کے علاوہ دیگر صوبوں کے کاروباری حضرات بھی اس مرکزی میں سہولتیں دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ بزنس فیسیلیٹیشن سینٹر کی بلڈنگ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونا چاہیےجبکہ بورڈ آف انویسٹمنٹ روایتی طریقوں سے ہٹ کر “بزنس کمیونٹی “کو سہولیات مہیا کرے گا۔
ا س موقع پر وفاقی وزیر کو وفاقی سیکرٹری و سینئر افسران نے زیر تعمیر سینٹر کے اہم پہلوؤں پر بریفنگ دی جبکہ چیئرمین سی ڈی ا ے محمد علی رندھاوا نے بزنس سینٹر کی تعمیر میں مکمل تعاون و بہتر معیارکی یقین دہانی بھی کروائی ۔