لاہور،26جولائی(اے پی پی): محکمہ زراعت پنجاب اور باخبر کسان کے درمیان ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے کاشتکاروں کو معلومات کی بروقت فراہمی کے معاہدہ پر دستخط کرنے کی تقریب ایگریکلچر ہاؤس لاہور میں منعقد ہوئی ۔صوبائی وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی، سیکرٹری زراعت پنجاب افتخار علی سہو نے اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت و لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق پبلک پرائیویٹ سیکٹرکے تعاون کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے، ڈیجیٹل ایکسٹینشن سروسز کاشتکاروں کا مستقبل ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی معلومات کی منتقلی کیلئے ڈیجیٹل نیٹ ورک اور سوشل میڈیا وقت کی ضرورت ہے۔محکمہ زراعت پنجاب اور باخبر کسان کے درمیان ہونے والا یہ معاہدہ کاشتکاروں کیلئے بروقت زرعی معلومات کا ذریعہ ثابت ہوگا۔ موسمی تبدیلیوں کے مضر اثرات بارے معلومات کی کاشتکاروں تک بروقت فراہمی ہو گی۔
وزیر زراعت و لائیو سٹاک نے کہا کہ کاشتکاروں تک معلومات کی منتقلی کے لیے باخبر کسان اپنا پلان پیش کرے، باخبر کسان کے پیش کردہ پلان کی باقاعدگی سے مانٹیرنگ کی جائے گی۔