اسلام آباد،26جولائی (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے جمعہ کو وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں۔
جماعت اسلامی کے دھرنے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ جماعت اسلامی کو لیاقت باغ میں جلسے کی اجازت دی گئی تھی اور انتظامیہ کے ساتھ اس حوالے سے ایس او پیز طے کئے گئے تھے، اس کے بعد اسلام آباد کی طرف پیش قدمی سمجھ سے بالاتر ہے، جماعت اسلامی کے قائدین ہمارے لئے قابل احترام ہیں، حافظ نعیم ایک زیرک اور دور اندیش سیاستدان ہیں، انہوں نے ہمیشہ دانشمندی کا مظاہرہ کیا ہے، حکومت ان کے ساتھ مذاکرات کے لئے ٹیم تشکیل دینے کو تیار ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے بیانات تضادات کا مجموعہ ہیں، وہ اجلاسوں میں کچھ اور جلسوں میں کچھ اور کہتے ہیں، ہم ان کی مشکلات سمجھتے ہیں، انہیں اڈیالہ جیل میں بھی جوابدہ ہونا پڑتا ہے اور بانی پی ٹی آئی کو راضی بھی کرنا ہوتا ہے۔
عطا تارڑ نے کہا کہ طالبان کو واپس لانے والے آج کہتے ہیں کہ آپریشن نہیں ہونے دیں گے، دوسری طرف وہ کہتے ہیں کہ حالات ٹھیک کرلیں گے اور اجارہ داری قائم نہیں کرنے دیں گے، آخر ان کا منصوبہ کیا ہے؟ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا، وہ دہشت گردوں کو واپس لائی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں درخت کاٹنے کا سکینڈل بھی سامنے آیا ہے، خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر جنگلات اور محکمہ جنگلات کے حکام بٹگرام میں درخت کاٹنے میں ملوث ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے حوالے سے طلباءکی تربیت کے لئے ایک جعلی ادارے کے ساتھ معاہدے پر دستخط کئے ہیں، اس ادارے میں موجود لوگوں کی کوئی مناسب ڈگری موجود نہیں اور نہ ہی ان کی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے شعبہ میں کوئی مہارت ہے، ان کے پاس کوئی ایسا سیٹ اپ موجود نہیں جس کے تحت وہ طلباءکو تربیت دے سکیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے معاشی اقدامات کی بدولت آج مہنگائی جو پچھلے سال 23 فیصد پر تھی، کم ہو کر 11 فیصد پر آ گئی ہے، عوام کو بجلی کے بلوں میں سبسڈی دی جا رہی ہے، دوست ممالک کے ساتھ ہمارے روابطے میں اضافہ ہوا ہے، سرمایہ کاری کے حوالے سے معاملات آگے بڑھے ہیں، آئی ایم ایف کے ساتھ مشکل معاملات کو طے کیا گیا، آئی ایم ایف معاہدے کے بعد سٹاک ایکسچینج میں تیزی آئی، معاشی اشاریے بہتر ہو رہے ہیں، ملک سے ریکارڈ آئی ٹی برآمدات ہوئیں، ان اقدامات میں موجودہ حکومت کی بڑی کاوشیں ہیں۔