نوشہرہ ورکاں، 28 جولائی(اے پی پی ): نوشہرہ ورکاں اور گردونواح میں صبح سویرے شمال مغرب سے اٹھنے والے سیاہ بادلوں اور تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش اور وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری، گرمی کا زور یکدم ٹوٹ گیا اور بادلوں کی آمد سے شہریوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی، ٹھنڈی ہواوں سے موسم خوشگوار اور شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ۔
دو ہفتوں سے جاری حبس اور گرمی کے ستائے شہری موسم کا مزہ لینے کے لیے گھروں سے باہر نکل آئے، بارش سے شاہراؤں اور گلی محلوں میں پانی بھر گیا اور ٹمپریچر 30 تک گرنے سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے ۔
بارش کا سلسلہ کاشتکاروں کے لیے انتہائی مفید ہے جنہیں دھان کی فصل لگانے کے لیے بجلی اور تیل کی مد میں خاطر خواہ بچت ہو رہی ہے ۔ حالیہ دنوں میں تحصیل نوشہرہ ورکاں میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ ایکڑ پر دھان کی فصل کی بوائی کا سلسلہ زوروں پر ہے۔