سکھر،29جولائی(اے پی پی):ملاوٹ شدہ دودھ کے گوداموں اور دکانوں پر چھاپے سینکڑوں لیٹر دودھ تلف کردیا گیا۔
اسسٹنٹ کمشنر سکھر سٹی ثوبیہ فلک راؤ نے سندھ فوڈ اتھارٹی اور بیورو آف سپلائی کے نمائندہ کے ہمراہ ریجنٹ، گھنٹہ گھر سمیت مختلف علاقوں میں دودھ کے گوادموں اور دکانوں کا سرپرائز وزٹ کیا، وزٹ کے دوران فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ذریعے دودھ کے سیمپل چیک کروائے جس پر بورک ایسڈ کا کثیر تعداد میں استعمال ہونے اور پانی ملے دودھ کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مالکان کے خلاف بھاری جرمانے عائد کئے جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں ایک دکاندار کو لاک اپ بھجوایا۔
اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کے ہمراہ شہر کے مختلف علاقوں میں ملاوٹ شدہ دودھ کے خلاف کارروائی کی ہے،موقع پر کئے گئے ٹیسٹ میں بورک ایسڈ کا استعمال زیادہ ہونے اور پانی والے دودھ پر کارروائی عمل میں لائی گئی ،ملاوٹی دودھ کی فروخت سنگین جرم ہے، غیر معیاری دودھ سپلائی کرنے والوں کے خلاف گھیرا مزید تنگ کیا جارہا ہے، شہری گھروں میں استعمال ہونے والے دودھ کو فوڈ اتھارٹی دفتر سے مفت ٹیسٹ کروا سکتے ہیں، ملاوٹ سے پاک کھانے پینے کی اشیاءخصوصاً دودھ کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں گے، دودھ کے معیار کی بہتری اور ملاوٹی دودھ کی فروخت کا خاتمہ ضروری ہے، عوام کو فراہم کردہ دودھ کے بہتر معیار کو یقینی بنانے کیلئے چیکنگ اینڈ بیلنس کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔