سیپکو مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس،تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ و دیگر امور ایجنڈے میں شامل

19

سکھر،29جولائی(اے پی پی):سکھر الیکٹرک پاور کمپنی( سیپکو) مینجمنٹ کمیٹی کا اجلاس ہوا۔اجلاس میں جاں بحق ملازمین کی بیواؤں کو مراعات، وفاقی حکومت کی جانب سے تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ، میڈیکل الاؤنس، ملازمین کی بھرتی، پروموشن، ڈپلومہ ہولڈر لائن مین کے کوٹہ میں اضافہ،بجلی کی قیمتوں میں اضافہ اور دیگر امور ایجنڈے میں شامل تھے۔

 ہائیڈرو لیبر یونین (سی بی اے) کے رہنما عبد اللطیف نظامانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کافی عرصے سے بھرتی نہ ہونے کے باعث سیپکو میں 40 فیصد ملازمین سٹاف کی کمی کے باعث پانچ ملازمین کا کام اٹھانے پر مجبور ہیں،اجلاس میں بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظوری کے بعد ملازمین کو بھرتی کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ کام کے دوران ہونے والے حادثات کے نتیجے میں معذور ہونے والے مزدوروں کے بچوں کو فوری طور پر ملازمتیں دینے اور بیمار افراد کو مناسب علاج فراہم کرنے سے قاصر رہنے کے علاوہ واپڈا ہیڈ کوارٹر لاہور میں واپسی کے مسائل پر بات ہوئی۔

اس موقع پر لیبر یونین کے رہنما اقبال خان نے کہا کہ سیپکو مینجمنٹ کمیٹی کے اجلاس میں ڈپلومہ ہولڈر لائن مین کا کوٹہ 10 فیصد سے بڑھا کر 20 فیصد کرنے کے ساتھ ساتھ وفاقی حکومت کی جانب سے 25 فیصد اور پنشن میں 15 فیصد اضافے کے معاملے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس میں سیپکو چیف سعید احمد داؤچ کمپنی سرکل انجینئرز اور ہائیڈرو لیبر یونین (سی بی اے) کے مرکزی رہنما عبداللطیف نظامانی، اقبال خان کے علاوہ زونل چیئرمین نثار احمد شیخ، شجاع گھمرو اور دیگر نے شرکت کی۔